30 مئی ، 2012
کراچی…وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ وہ اب صرف پاکستانی شہری ہیں، برطانوی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفیکیٹ جلد سپریم کورٹ میں پیش کردیں گے، ایم کیوایم مہاجر صوبہ نہیں چاہتی ،لندن میں ہونے والی ملاقات میں الطاف حسین نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے۔ وہ برطانیہ کے سرکاری دورے سے واپسی کر کراچی ایرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ منشیات اور انسانی اسمگلنگ کو روکنے اور برطانوی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے سلسلے میں برطانیوی وزیرداخلہ سے ان کے مذاکرات کامیاب رہے ہیں ، برطانوی حکام غیرقانونی پاکستانی تارکین وطن سے ہونے والی معلومات کا تبادلہ پاکستان سے بھی کریں جس سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف کارروائی میں مدد ملے گی ، غیرقانونی قیام پر برطانیہ سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی صرف اسلام آباد ایئرپورٹ ہی لائے جائیں گے۔ ایک سوال پر وزیرداخلہ نے کہا کہ نواز شریف پر میں نے بینکوں کو لوٹنے اور منی لانڈرنگ جیسے بڑے الزام لگائے ہیں اگر یہ الزام جھوٹے ہیں تو وہ مجھے عدالت میں لے جائیں ، ملک میں امن وامان خراب کرنے والے سمجھتے ہیں کہ وہ اس طرح الیکشن جلد کروالیں گے ، لیکن وہ اس کوششوں میں کامیاب نہیں ہونگے ، انتخابات وقت پر ہونگے۔