30 مئی ، 2012
اسلام آباد … وزیر اعظم سید یوسف رضاگیلانی نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ نجی بجلی گھروں کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے واپڈا کو فوری طور پر ڈیڑھ ارب روپے جاری کئے جائیں جبکہ وزارت پیٹرولیم کو کہا گیا ہے کہ چالو پاور پلانٹس کو گیس فراہم کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔ وزیر اعظم گیلانی کی زیر صدارت پرائیویٹ پاور انفرا اسٹرکچر بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم، منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین، وفاقی وزیر اطلاعات، واپڈا اور پی پی آئی بی کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت توانائی بحران کو حل کرنے کے عزم پر قائم ہے،تاہم اس وقت بجلی کی طلب اور رسد میں کافی فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے وسیع سرمایہ کاری درکار ہے۔ وزیراعظم نے نجی شعبے میں بجلی کے منصوبوں کیلئے فنڈ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ حکومت اقتدار میں آئی تو 5 ہزار میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا تھا، حکومتی اقدامات سے درمیانی اور طویل المدتی بنیادوں پر بجلی کی کمی پوری ہو جائے گی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں 8 ہزار میگاواٹ پیداوار کے 28 منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ منگلا ڈیم توسیع مکمل ہونے کے بعد پہلی بار گنجائش کے مطابق بھرا جائے گا۔ منگلا ڈیم میں 2.9 ملین ایکڑ فٹ اضافی پانی ذخیرہ ہو گا جس سے ملکی معیشت کو سالانہ 18 ارب روپے کا فائدہ ہو گا ۔