30 مئی ، 2012
اسلام آباد … اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی پولیس میں 3 سال سے زائد عرصے سے ڈیپوٹیشن پر تعینات پولیس افسروں کی خدمات صوبوں کو واپس کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے گزشتہ سماعت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں ڈیپوٹیشن پر آئے تمام پولیس افسران کو اپنے پرانے محکموں میں بھجوانے کا حکم سنایا۔ عدالت نے قراردیا کہ ڈیپوٹیشن پر آئے افسران کا مقررہ مدت کے بعد صوبائی محکموں میں واپس نہ جانا قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ عدالتی فیصلے سے متاثر ہونے والوں میں ڈی ایس پی اور انسپکٹر رینک کے افسران شامل ہیں۔ 10 سے زائد پولیس افسران نے دوسرے صوبوں سے آنے والے پولیس افسران کی تعیناتی چیلنج کرتے ہوئے درخواست میں موٴقف اختیار کیا تھا کہ پولیس افسران کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی سے اسلام آباد پولیس کے افسران کی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔