30 مئی ، 2012
کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے سیاسی کارکن سمیت 7 افراد قتل کر دیئے گئے جبکہ فیڈرل بی ایریا میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے سول جج ظہیر نقوی شدید زخمی ہوگئے، وکلاء نے سول جج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے احتجاج بھی کیا۔ اورنگی ٹاوٴن نمبر 10میں نامعلو م افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مقتولین رشتہ دار ہیں اور کام پر جاتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا گیا۔ اولڈ سٹی ایریا میں ٹمبر مارکیٹ سے 2 نامعلوم افراد کی لاشیں ملیں، مقتولین کو اغوا کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ کالا پل کے قریب فائرنگ سے ایک نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا۔ شاہ فیصل کالونی 5 نمبر میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن 28 سالہ عمران کو قتل کردیا، فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے کی صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے اور دکانیں و کاروبار بند کردیا گیا ہے جبکہ اس دوران نامعلوم افراد نے ایک سیاسی جماعت کے دفتر کو آگ لگادی۔ اس سے قبل فیڈ رل بی ایریابلاک 17 میں مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سول جج کی گاڑی پر فائرنگ کردی ، جس سے سول جج ضلع شرقی ظہیر نقوی شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں سے آپریشن کے بعد انہیں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ رواں ماہ ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے واقعات میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے کارکنوں اور پولیس اہلکاروں سمیت 200 سے زائد افراد جبکہ اس سال اب تک 700 سے زائد افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا جاچکا ہے۔