20 جنوری ، 2016
نیویارک........ شام اور عراق کی شدت پسند تنظیم داعش مالی مشکلات کا شکار ہوتی جا رہی ہے جس کے باعث اس نے اپنے جنگجوؤں کی تنخواہوں اور مراعات میں 50 فیصد تک کمی کر دی ہے۔
مغربی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ داعش نے اپنے جنگجوؤں کی تنخواہیں نصف کرنے کا فیصلہ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے بڑھتے ہوئے حملوں کے باعث کیا۔امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شام اور عراق میں داعش اپنے زیر قبضہ علاقوں کو ایک حکومت کی طرح چلا رہی ہے اور مختلف فیصلوں کی باقاعدہ کاغذی کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ بھی رکھا جاتا ہے۔
کانگریشنل ریسرچ سروس کے مطابق داعش کے ایک جنگجو کی تنخواہ عموماً 4 سو ڈالر (40ہزار پاکستانی روپے) سے 12 سو ڈالر (تقریباََ ایک لاکھ 20 ہزار روپے) تک ماہانہ مقرر ہے جب کہ بیوی کے لیے 50 ڈالر اور فی بچہ 25 ڈالر وظیفہ اضافی ملتا ہے۔
برطانوی اخبارکی رپورٹ کے مطابق امریکی قیادت میں کئی ممالک کے اتحاد کی حالیہ کارروائیوں کے بعد داعش کی مشکلات بہت بڑھ گئی ہیں، خراب ہوتے ہوئے حالات کے باعث داعش نے اپنے جنگجووں کی تنخواہوں میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کیا۔
داعش کی آمدنی کے بڑے ذرائع عوام پر لگائے جانے والے ٹیکسز اور تیل کی پیدوار بتائے جاتے ہیں لیکن داعش کی آمدن کے یہ دونوں ذرائع امریکی اتحاد کے حملوں کے باعث شدید متاثر ہوئے۔2015 تک داعش تیل کی اسمگلنگ سے ماہانہ 4 کروڈ ڈالر کماتی تھی لیکن اب یہ ذرائع محدود ہوگئے ہیں جس سے آمدنی میں شدید کمی آئی۔