29 جنوری ، 2016
نئ دہلی ...... بھارتی ریاست اترا کھنڈ میں پولیس کانسٹیبلز کی فٹنس کو جانچنے کے لیے ایک انوکھا طریقہ ڈھونڈ ا گیا ہے جو سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہے۔
ریاست اتر اکھنڈ کے شہر رودھرا پور میں پولیس کانسٹیبلز کی فٹنس کی جانچ کے لیے لیے گئے ٹیسٹ میں اْس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب اہلکاروں سے کہا گیا کہ وہ اپنی فٹنس کا ثبوت دینے کے لیے اپنے سینئرز کو کمر پر اٹھا کر دوڑ لگائیں۔
انٹرنیٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ایک صحت مند پولیس کانسٹیبل کو اپنے سینئر پولیس افسر کو کمر پر لادے دوڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔
ضلع ادھم سنگھ نگر کے زیادہ وزن کے حامل کانسٹیبلز کو ایس ایس پی کے سامنے فٹنس ٹیسٹ سے گزرنے کے لیے مجبور کیا گیا۔
39 سیکنڈز کی ویڈیو جہاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی وہیں عوام کی جانب سے الزام بھی عائد کیا جارہا ہے کہ کانسٹیبلز کو ان کے سینئرز کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے۔