پاکستان
10 فروری ، 2016

سانحہ مانانوالا :8 افراد کے جنازے اٹھے تو کہرام مچ گیا

سانحہ مانانوالا :8 افراد کے جنازے اٹھے تو کہرام مچ گیا

ننکانہ صاحب......مانا والا کے قریب ٹینکر حادثے میں 9ہلاکتوں کےباعث علاقے میں سوگ کی فضا چھاگئی،8افراد کے جنازے اٹھے تو کہرام مچ گیا۔

مانانوالہ کےنواحی گاؤں محمود پورہ میں بیک وقت 8 لاشیں پہنچیں تو لواحقین دھاڑیں مارمار کررونے لگے۔جاں بحق ہونے والے 8افراد میں 6کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

مانانوالہ کے علاقے کوٹ وار میں سڑک کے بیچوں بیچ کھڑا ایل پی جی ٹینکر جس کے نیچے سے دھند میں اندھا دھند چلتی کار گزرگئی، ٹینکر کا ایک لیورٹوٹ گیا اور مائع گیس خارج ہونے لگی۔

کار ڈرائیور نے بریک لگائی، غصے سےپلٹا، آؤ دیکھا نہ تا ؤ، ٹینکر ڈرائیور سے الجھ پڑا۔ایک طرف اُن کے درمیان تکرار جاری تھی اور دوسری طرف مائع گیس موت بن کر سڑک پر پھیلتی رہی۔ عینی شاہدین کے مطابق سڑک کنارے چھوٹی دکانوں پر بیٹھے کسی شخص نے ماچس جلائی اور ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔

شعلوں میں لپٹے ٹینکرکے قریب کھڑی گاڑیاں ، رکشے، موٹرسائیکل اور دکانیں راکھ ہو گئیں۔ چنگ چی رکشے میں سوار، محمود پورہ کے ایک ہی خاندان کے 4کمسن بچے اور 2 خواتین ٹیچرز کو بھی موت نگل گئی۔

روتے ،بین کرتے والدین، دیوانہ وار نکل آئے، راکھ میں پیاروں کو ڈھونڈتے رہے،ریسکیو ٹیموں نےلاشوں اور زخمیوں کو ننکانہ اور فیصل آباد کےاسپتالوں میں پہنچا یا جہاں ان کی حالت تشویشناک ہے۔

مرحومین کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ جس میں اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نمازجنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے لواحقین نے اپنے پیاروں کو آہوں اورسسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کیا۔

مزید خبریں :