20 فروری ، 2016
لاس اینجلس .....آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکار مورگن فری مین اور اسکاٹش اداکار گیراڈ بٹلر کی نئی ایکشن تھرلر فلم’لندن ہیز فالن‘کی نئی جھلکیاں جاری کردی گئی ہیں۔
خاص تربیت یافتہ ایجنٹ کی ذہانت اور بہادری کے گرد گھومتی ایکشن سے بھرپوریہ کرائم تھرلرفلم فوکس فیچرز کے تحت 6مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
2013ءمیں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے والی ایکشن تھرلر فلم’ اولمپس ہیز فالن‘کے سیکوئل’لندن ہیز فالن‘کوہدایتکار بابک نجافی نے ڈائریکٹ کیا ہے ۔
نئی فلم میں گیراڈ بٹلر، مورگن فری مین اورآرون ایکہارٹ اپنے گزشتہ کردار وں میں ایک بار پھر جلوۂ گر ہونگے جن کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں شارلٹ ریلے ، ملیسا لیو، جیلی ہیل،رابرٹ فارسٹراورپیٹرک کینیڈی شامل ہیں۔
مارک گِل، ڈینی لرنر اور گیراڈ بٹلر کی مشترکہ پروڈیوس کردہ اس فلم کی کہانی برطانوی وزیرِ اعظم کے پر اسرار ہلاکت سے شروع ہوتی ہے، جس کے بعد ایجنٹس اور خفیہ اداروں کووزیرِ اعظم کی آخری رسومات میں شریک عالمی رہنماؤں کو قتل کرنے کے خطرناک منصوبے کا علم ہوتا ہے۔