05 جون ، 2012
اسلام آباد… حکومت نے عام انتخابات کے نتیجے میں اقتدار کی جمہوری انداز میں منتقلی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے الیکشن کے موقع پر یورپی مبصرین کی آمد کا بھرپور خیرمقدم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین نے پاکستان کی کامیابی اور چیلنجز کو اپنے لئے بھی اتنا ہی اہم قراردیا ہے۔ پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی یورپی یونین کی سربراہ خارجہ پالیسی امور کیتھرین ایشٹن نے اسلام آباد میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کاکہناتھاکہ جمہوری انداز میں اقتدار کی ہموار منتقلی کا خواب پوراکیاجائیگا۔موجودہ حکومت نے قابل ذکر آئینی ترامیم کیں، ان میں عورتوں، اقلیتوں ، بچوں کے حقوق اور دیگر انسانی حقوق کو یقینی بنایاگیا۔ کیتھرین ایشٹن نے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت کی کامیابی ، حوصلہ افزا اور قابل خوشی ہیں۔