05 جون ، 2012
پشاور… پشاور کی مقامی عدالت نے امریکی قونصلیٹ کے تین پاکستانی اہلکاروں کے ضمانت نامے رد کر دیئے اور نئے ضمانت نامے داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے انکو جیل بھیجوا دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد الیاس خان نے غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں گرفتار امریکی قونصلیٹ کے تین پاکستانی اہلکاروں منظور علی، احسان خان اور واصف خان کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کیئے تھے۔تینوں اہلکاروں کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے اور دو دو شخصی ضمانتیں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ملزمان نے عدالت میں جو ضمانت نامے داخل کرائے، جوڈیشل مجسٹریٹ محمد الیاس خان نے ضمانتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضمانتیں رد کردیں اور نئے ضمانت نامے جمع کرانے تک انہیں جیل بھجوادیا۔امریکی قونصل خانے کے تین پاکستانی اہلکاروں کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں کل موٹر وے ٹول پلازہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔