05 جون ، 2012
اسلام آباد… مسلم لیگ نون کے بعد متحدہ قومی موومنٹ نے چیف الیکشن کمشنر کے خالی عہدہ پر جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم کو بھی تجویز کردیا ہے ، وزیراعظم کی طرف سے تیسرا نام نہ تجویز کئے جانے پر الیکشن کمیشن سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کوئی فیصلہ نہیں کرسکی ہے۔ الیکشن کمیشن کے سربراہ اور ارکان کے تقرر کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ، سید خورشیدشاہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، اس میں چیف الیکشن کمشنر عہدہ کے لئے وزیراعظم اور اپوزیشن کی طرف سے تجویز کردہ ناموں پر غور کیا گیا، وزیراعظم نے جو تین نام تجویز کئے تھے ان میں شامل جسٹس ریٹائرڈ قربان علوی خود ہی معذرت کرچکے ہیں، آج کمیٹی میں انکے متبادل کوئی نام ، وزیراعظم کی طرف سے نہیں بھجوایا گیا،اپوزیشن نے جو تین نام تجویز کئے ہیں ان میں فخرالدین جی ابراہیم بھی شامل ہیں، آج اجلاس کے بعد چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایاکہ وزیراعظم جب تیسرا نام تجویز کرکے بھیجیں گے تو پھر کمیٹی کا اجلاس ہوگا،اے این پی نے جسٹس ریٹائرڈاجمل خان کا نام تجویز کیا ہے جبکہ ایم کیوایم نے فخرالدین جی ابراہیم اور جسٹس ریٹائرڈ غوث محمد کو تجویز کیا ہے، انہوں نے بتایاکہ پارلیمانی کمیٹی اپنے طور پر نئے نام شامل نہیں کرسکتی،الیکشن کمشنر کا نام صرف وزیراعظم یا اپوزیشن لیڈر تجویز کرسکتے ہیں۔