08 جون ، 2012
کابل… افغان صدر حامد کرزئی نے وسطی صوبہ لوگر میں نیٹو طیاروں کی بمباری کے واقعے میں شہریوں کی ہلاکت کو غیر انسانی فعل قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور اپنا دورہ چین مختصر کرکے بہت جلد وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق صدارتی آفس سے جاری ہونیو الے بیان میں کہا گیاہے کہ صدر حامد کرزئی نے لوگر کے ضلع براکی براک میں نیٹو طیاروں کے حملے میں بے گناہ افغان شہریوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے واقعات ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ صدر حامد کرزئی وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ ادھر نیٹو نے واقعے کی تحقیقات کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔