27 مارچ ، 2016
ناگپور......افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پہلا اور بڑا اپ سیٹ کردیا، صرف 123رنز کا دفاع کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو چھ رنز سے مات دے دی۔
ناگپور میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کا موقع دیا،افغانستان کی ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈ ر بیٹنگ تو فیل ہوگئی اور56 رنز پر پانچ وکٹیں گر گئیں،نجیب اللہ زدران نے چھٹے نمبر پر کھیلتے ہوئے 48رنز بنائے، 40 گیندوں پر مشتمل اُن کی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
افغانستان کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر123رنز کے ہندسے تک پہنچ سکی اور ویسٹ انڈیز کو124رنز کا ہدف دیا۔
ایونٹ میں ویسٹ انڈیز کی پر فارمنس دیکھتے ہو ئے ہدف نظاہر آسان معلوم ہورہا تھا لیکن کرکٹ نے اپنا رنگ دکھایا اور ویسٹ انڈیز کےلئے124رنز کا ہدف مشکل سے مشکل تر ہوتا چلا گیا اور میچ کا نتیجہ بلاآخر اپ سیٹ پر منتج ہوا ،ویسٹ انڈیز مقررہ اووررز میں8وکٹوں کے نقصان پر117رنز تک محدود رہا۔
ویسٹ انڈیز کے جانسن چارلس 22،براوو28 اور رام دین18رنز بنا کر قابل ذکر رہے۔افغانستان کی جانب سے محمد نبی اور راشد خان نے2،2وکٹیں حاصل کیں۔نجیب اللہ زدران کو 48رنز کی عمدہ زننگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔