29 مئی ، 2016
سُپر اسٹارز کھلاڑیوں پر مشتمل رائل چیلنجرز بنگلور تیسری مرتبہ بھی انڈین پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہی، فائنل میں سن رائزرز حیدرآباد نے اُسے 8 رنز سے مات دے دی۔
بنگلورو میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں سن رائزرز حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کی، کپتان وارنر اور شیکھر دھون نے 63رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی، دھون 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ہنریکس بھی جلد پویلین چلے گئے۔
دوسرے اینڈ سے وارنر نے جارحانہ بیٹنگ کی ، 38 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 69رنز بنائے، پھر یوراج سنگھ نے ہاتھ دکھائے، 23 گیندوں پر 38 رنز کی باری کھیلی۔
لیکن اصل کام بین کٹنگ نے کیا، آخری اوورز میں صرف 15 گیندوں پر 39 قیمتی رنز ٹیم کو دیئے، تین چوکے اور چار چھکے مارے، سن رائزرز کا اسکور مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 208رنز رہا۔
جواب میں گیل اور ویرات کوہلی نے گیارہویں اوور میں ہی ٹیم کا اسکور 114رنز تک پہنچادیا۔ گیل نے 76رنز کی اننگز میں چار چوکے اور 8 چھکے لگائے۔
کپتان کوہلی نے 54 رنز بنائے مگر اُن کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈی ویلیئرز پانچ اور راہول اور واٹسن گیارہ ، گیارہ رنز ہی بناسکے، میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر200رنز بناسکی اور 8 رنز سے مقابلہ ہار گئی۔