01 جون ، 2016
کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر لینڈ انفورسمنٹ جمیل بلوچ کو اغوا کاروں نے چار دن بعد رہا کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اغوا کار ان پر لینڈ مافیا کی سرگرمیوں کے حوالے سے دباؤ ڈالتے رہے۔
کراچی میں لینڈ مافیا کے خلاف سرگرم کے ڈی اے کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ اینٹی انکروجمنٹ جمیل بلوچ کو جمعہ 29 فروری کو دفتر سے واپسی پر سوک سینٹر کے قریب سے نامعلوم افراد اغوا کرکے لے گئے تھے، دو روز بعد اغواء کی ایف آئی اے تھانہ عزیز بھٹی میں درج کی گئی، جمیل بلوچ کی بازیابی کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی گئی ہے۔
جمیل بلوچ کو اغواء کار بدھ کو رات گئے ایئرپورٹ کے قریب چھوڑ گئے، بحفاظت گھر پہنچنے پر اہل خانہ اور دوست احباب نے خوشی کا اظہار کیا، کے ڈی اے اور کے ایم سی کے اعلی افسران نے بھی جمیل بلوچ کی خیریت دریافت کی۔
جمیل بلوچ کا کہنا ہے کہ اغواء کار ان پر لینڈ گریبرز کی سرگرمیوں کے حوالے سے دباؤ ڈالتے رہے ،جمیل بلوچ اور ان کی ٹیم نے شہر کی کئی سو ایکٹر زمین سے لینڈ مافیا کا قبضہ ختم کرایا ہے، ان کے اغواء سے لینڈ گریبرز کے خلاف سرگرم کے ڈی اے افسران سخت عدم تحفظ کا شکار ہیں۔