پاکستان
01 جون ، 2016

تیز آندھی اور بارش : اسلام آبادمیں 7،خیبر پختونخوا میں 4جاں بحق

تیز آندھی اور بارش : اسلام آبادمیں 7،خیبر پختونخوا میں 4جاں بحق

 


اسلام آباد ، راولپنڈی ، پشاور اور نوشہرہ میں تیز آندھی، طوفانی ہواؤں اور بارشوں کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں 11افراد جاں بحق ہوگئے، واقعات میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔


راولپنڈی، اسلام آباد اور قریبی علاقوں میں شدید آندھی اور طوفان بادوباراں کے باعث مختلف واقعات میں 7افراد جاں بحق ہوگئے ۔ راولپنڈی اسلام آباد اور قریبی علاقوں میں شدید آندھی سے متعدد درخت گرگئے۔


مری میں درخت گرنے سے کوہالا روڈ بلاک ہوگیا،میٹرو بس کے بعض اسٹیشنوں کے شیشے ٹوٹ گئے،سبزی منڈی میں آگ بھڑک اٹھی، واہ کینٹ میں تجارتی مرکزکی دیوارگرگئی، راولپنڈی میں دیوارگرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے،ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔


خیبرپختون خوا کے کئی اضلاع اورفاٹا میں تیزآندھی کےساتھ موسلادھاربارش ہوئی۔ خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود کےعلاقےشاکت میں بارش سےمکان کی چھت گرگئی، جس سےایک خاتون جاں بحق اورتین بچےزخمی ہوگئے۔


پشاور شہر وگردونواح میں تیز آندھی اور موسلادار بارش سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ پشاور شہروگردنواح کو شام کے وقت تیز آندھی اور موسلادار بارش نے اپنی لپیٹ میں لیا۔


طوفانی آندھی اور بارش کی وجہ سے نواحی علاقے موسیٰ زئی میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 2زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 6 ماہ کا احمد اور اس کی والدہ شامل ہیں۔


دوسری جانب کوہاٹ روڈ پر دیوار گرنے سے بھی ایک شخص زخمی ہوا جسے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا، بارش سے بعض شاہروں پر پانی بھی امڈ ایا، تاہم ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی۔


نوشہرہ میں بھی آندھی اور بارش سے کئی علاقوں میں سائن بورڈاوربجلی کے تار گرگئے، دیواریں اور چھتیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 13افراد زخمی ہوگئے۔


نوشہرہ شہر اور گرد و نواح میں تیزآندھی کےساتھ ہونے والی بارش سے کئی درخت اکھڑگئے، تیزآندھی نےسائن بورڈزبھی زمین بوس کئے اور بجلی کے تاربھی ٹوٹ کرگرگئے جبکہ کئی مکانوں کی دیوار گرنے 12 افراد زخمی ہو گئے۔


سوات اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی، بٹ خیلہ، شانگلہ اور تربیلا غازی میں بھی تیز بارش نے موسم خوشگوار بنادیا۔


محکمۂ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت کوہاٹ، مردان ، ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن بھی تیز طوفان کے لپیٹ میں رہا، اندھی کی رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید خبریں :