02 جون ، 2016
ملک کے مختلف حصوں میں موسم مختلف رنگ دکھا رہا ہے، شمالی بلوچستان میں ژالہ باری اور موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے، پاراچنار میں کوہ سفید پر برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
شمالی بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے ، جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔
پاراچنار میں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،جبکہ کوہ سفید کے پہاڑی سلسلے پر برف باری شروع ہوگئی ہے ،جبکہ گذشتہ رات تیز ہواوں اور بارش سے نوشہرہ ، مردان ،کوہاٹ ، خیبر ایجنسی ، تربیلا غازی میں معمولات زندگی کو شدید متاثر ہوئے ۔
بارش اور آندھی سے کچھ بھی سلامت نہیں رہا، درخت اکھڑ گئے، گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، بجلی کے کھمبوں اور تاروں کو نقصان پہنچا۔
تیز آندھی اور طوفان نے سیالکوٹ، گوجرانوالا، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہر وں کا بھی رخ کیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دورا ن خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔