08 جون ، 2016
اپوزیشن کی خواتین ارکان پارلیمنٹ نے خواجہ آصف کے خلاف اسپیکر کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے، خواتین ارکان نے وفاقی وزیر کی جانب سے شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی کہنے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔
مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والی رکن قومی اسمبلی سیما جیلانی نے خواجہ آصف کو بچانے کی پوری کوشش کی لیکن ساتھ ہی ساتھ غلط کو غلط بھی کہہ دیا، کہتی ہیں عورتوں کی عزت کرنی چاہئے لیکن انہیں گلی کے لڑکوں کی طرح پیچھے سے آوازیں نہیں کسنی چاہئیں۔
خواتین اراکین پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ عوامی فورم پرغیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال روکنے کے لئے بنائے گئے رولز کو مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں کوئی شخص خواتین سے بدتمیزی نہ کر سکے۔
خواجہ آصف سے جب میڈیا نے پارلیمنٹ سے باہر نکلنے پر سوال کیا تو وہ یہ کہہ کر روانہ ہوگئے کہ جو کہنا تھا وہ پارلیمنٹ میں کہہ دیا۔