08 جون ، 2016
فاروق ستار کے گھرکے محاصرے کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے ہڑتال کی اپیل کراچی میں غیر مؤثر رہی، ٹرانسپورٹ اور کاروبار معمول کے مطابق چلتے رہے۔
ایم کیو ایم کی اپیل کے باوجود کراچی میں کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے رہے، پبلک ٹرانسپورٹ بھی رواں دواں رہا جبکہ سبزی منڈی سے شہر کو سبزیوں اور پھلوں کی ترسیل بھی معمول کے مطابق جاری رہی۔
ترجمان رینجرز کے مطابق شہر میں دکانیں بند کروانے اور نامعلوم افراد کی جانب سے گاڑیوں پر پتھراؤ کی شکایات موصول ہوئیں تھیں، جس پررینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔
گلبرک سے ایم کیو ایم کے یونٹ انچارج رضوان کو مبینہ طور پر خوف و ہراس پھیلانے اور دکانیں بند کرانے پر رینجرز نے گرفتار کرلیا۔
متحدہ قومی موومنٹ نے شام 4 بجے شہریوں کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کاروبار اور دکانیں کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے پہلے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے ایم کیو ایم کی اپیل پر ردعمل میں کہا تھا کہ دکانیں بند کرانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، کاروباری حضرات آزادی کے ساتھ کاروبار اور دکانیں کھولیں، عوام بلا خوف وخطر معمولات زندگی جاری رکھیں۔