پاکستان
08 جون ، 2016

کوئٹہ :فائرنگ سے جاں بحق لاء کالج پرنسپل سپرد خاک

کوئٹہ :فائرنگ سے  جاں بحق لاء کالج پرنسپل سپرد خاک

 


کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کاافسوسناک واقعہ ایک علم دوست شخصیت کی جان لے گیا، واقعے میں یونیورسٹی لاء کالج کے پرنسپل بیرسٹر امان اللہ خان اچکزئی جاں بحق ہوگئے، انہیں بعد میں کوئٹہ کےمقامی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا۔


بلوچستان بار نےواقعے کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔کوئٹہ کےنواحی علاقے کلی ترخہ میں یونیورسٹی لا کالج کے پرنسپل بیرسٹر امان اللہ اچکزئی کو گھر سے کالج جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔


نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کردی جس سے امان اللہ اچکزئی شدید زخمی ہوئے، انہیں سول اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ رہ سکے۔


واقعے کی خبر سن کر وکلا کی بڑی تعداد سول اسپتال پہنچ گئی، وکلاء ان کی میت لے کرگورنر ہاؤس کے قریب فیاض سنبل شہید چوک پہنچے جہاں مظاہرہ کیاگیا،اس موقع پر بلوچستان بار کے صدر بلال انور کاسی نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا۔


پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کےشواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور تحقیقات کےلیےخصوصی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔


بیرسٹر امان اللہ اچکزئی کو آج سہ پہر مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، ان کی نماز جنازہ اور تدفین میں وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی کےعلاوہ سیاسی وقبائلی شخصیات، وکلاء اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


بیرسٹر امان اللہ اچکزئی کی ٹارگٹ کلنگ اس لحاظ سے زیادہ افسوسناک ہے کہ اس میں ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ شخصیت کو نشانہ بنایا گیا،دہشت گردی کے اس تازہ واقعے نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے نیا چیلنج پیش کیا ہے۔

مزید خبریں :