10 جون ، 2016
سندھ کے مالی سال17- 2016 کی بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ 830 ارب روپے کے بجٹ میں کراچی کے لئے 10 ارب روپے کا خصوصی پیکج اور تعلیم کے لئے 150 ارب روپےمختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ بجٹ کی آج سندھ کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ صوبے کے میزانیہ کا مجموعی حجم 830 ارب روپے ہو گا۔ بجٹ تجاویز کے مطابق تعلیم کے لئے سب سے زیادہ 150 ارب روپے مختص کئے جائیں گے، امن و امن کے لئے 70ارب روپےاور صحت کے شعبے کے لئے 55 ارب روپےرکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
آنے والے بجٹ میں کراچی کے لئے 10 ارب روپےکا خصوصی پیکج رکھنے کی تجویز بھی ہے۔ کراچی شہر میں پانی کی فراہمی کے منصوبے 4 Kکے لئے 6 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
نکاسی آب کے منصوبے S-3 کے لئے ایک ارب روپےاور کراچی اورینج لائن بس منصوبے کے لئے 6 ارب روپے رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
بجٹ میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ سندھ پولیس میں 30 ہزار اسامیاں پیدا کی جائیں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 224 ارب روپےمختص کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی مد میں 162 ارب میں سے صرف 86 ارب روپےخرچ ہوئےہیں۔
صوبہ سندھ کا بجٹ ہفتہ 11 جون کو پیش کیا جائے گا۔