10 جون ، 2016
وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے اینٹی نارکوٹکس فورس کو ہدایت کی ہے کہ منشیات کی پیداوار، طلب اور ترسیل کی روک تھام کے ساتھ ساتھ منشیات سے متعلقہ کیسز کی موثر پیروی کے حوالے سے ادارے کی استعدادِکار میں اضافے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل ناصر دلاور شاہ کی ملاقات کے بعد وزارت داخلہ کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈی جی اے این ایف نے وزیرِداخلہ کو ادارے کی گذشتہ چھ ماہ کی کارکردگی کے حوالے سے بریف کیا۔
گذشتہ ماہ اے این ایف نے تقریباً 50ٹن منشیات قبضے میں لیں جنکی مالیت 3 اعشاریہ 98 ارب روپے ہے۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں اے این ایف کی کارکردگی کا عالمی سطح پر اعتراف قابلِ اطمینان ہے۔