15 جون ، 2016
وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ماڈل ٹاؤن سانحے کی جوڈیشل رپورٹ شائع ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ لارجر بینچ کرے گا، حکومت فیصلے سے پہلے رپورٹ شائع نہیں کرسکتی۔
ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئینی و قانونی پیچیدگیاں دور کیے بغیر جوڈیشل رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی جا سکتی، عوامی تحریک کا یہ مؤقف کہ مقدمے کے اندارج میں تاخیر ہوئی بالکل غلط ہے، ہم نے قرآن پر ہاتھ رکھ کر سچ کہنے کا آپشن بھی دیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن سانحے کو لے کر من گھڑت کہانیاں بنائی جا رہی ہیں، اب اس کہانی کے ساتھ ملک کے سپہ سالار کا نام بھی جوڑا جا رہا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ طاہر القادری یا عمران خان نے رائے ونڈکا رخ کیا تو ان کی ضروریات کا خیال رکھا جائے گا لیکن اگر یہ اسی طرح واویلا کرتے رہے تو ان کی سیاست شہر خاموشاں میں دفن ہو جائے گی۔