پاکستان
16 جون ، 2016

پشاوراوربنوں میں موسلا دھار بارش ،5 افرادجاں بحق

پشاوراوربنوں میں موسلا دھار بارش ،5 افرادجاں بحق

 


پشاور اور بنوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی اس دوران مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے ۔


محکمہ موسمیات نے آج اورکل خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنڈی ، لاہور ،ملتان،فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔


پری مون سون سیزن کا آغاز ہوتے ہی بادلوں نے کشمیر،خیبرپختونخوا اور پنجاب کا رخ کرلیا ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی پنجاب میں اسلام آباد،راولپنڈی،گوجرانوالہ،سرگودھا، فیصل آباد،لاہور اور ساہیوال ڈویژن،جنوبی پنجاب میں ملتان،ڈی جی خان اور بہاولپور،فاٹا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرد آلود ہوائیں چلنے،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔


بنوں میں رات گئے موسلادھار بارش ہوئی۔طوفانی بارش سے آئی ڈی پیز کے کیمپ اکھڑ گئے جس سے 2 بچےجاں بحق،63 افرادزخمی ہوگئے۔


گزشتہ روز بھی اسلام آباد میں بادل برسے تو موسم سہانا ہوگیا۔


ادھرپشاور میں تیز آندھی اور طوفانی بارش سے مکانات کی دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 3افراد جاں بحق اور20سے زیادہ زخمی ہو گئے۔


خیبر پختونخوا میں صوابی، مردان ، مانسہرہ،دیر بالا ، چارسدہ،ملاکنڈ ایجنسی،باجوڑ ایجنسی اور بنوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔


سوات اور ایبٹ آباد میں پہلے آندھی نے شہر کا رخ کیا اور پھر گرج چمک کے ساتھ بادل برسے ۔ مظفر آباد اور میرپور آزاد کشمیر میں بھی طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

مزید خبریں :