04 مئی ، 2024
لاہور ہائیکورٹ نے فرحت شہزادی (فرح گوگی) کے بچوں کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوارالحق پنوں کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فرح گوگی کے بچوں کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے سے متعلق اپیل کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ سرکاری وکیل بچوں کے نام پی سی ایل میں رکھنے پر عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے، فرحت شہزادی پر مقدمےکے وقت دونوں بچوں کی عمریں 16سال سے کم تھیں اس لیے بچوں کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں رکھنے کا جواز نہیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی والدہ فرحت شہزادی اور دیگرپر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کیا اور فرحت شہزادی نے انویسٹی گیشن جوائن نہیں کی۔
لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کا ذکر کیا اور لکھا کہ عدالت اپیل منظور کرتے ہوئے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتی ہے۔
یاد رہے فرح گوگی کے بچوں ایمان جمیل اور فراز اقبال نے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔