11 جون ، 2012
کراچی…سندھ کا بجٹ آج اسمبلی میں پیش کیا جارہا ہے ، بجٹ 5 کھرب 64 ارب72کروڑ روپے کا ہوگا۔بجٹ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 20فیصد اضافے کی توقع ہے ، وزیر خزانہ سندھ سید مراد علی شاہ بجٹ پیش کرینگے۔ذرائع کے مطابق بجٹ میں آمدنی کا تخمینہ 5 کھرب، 60 ارب 93کروڑ چالیس لاکھ روپے لگایا گیا ہے، اس طرح یہ بجٹ3 ارب78 کروڑ 88 لاکھ روپے خسارے کا ہوگا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 20فیصد اضافہ اورمختلف سرکاری محکموں میں 40ہزار آسامیاں پیداکی جائیں گی جبکہ 15ہزارٹریکٹرپرفی ٹریکٹر2لاکھ روپے سبسڈی دینے کا اعلان بھی کیا جائے گا۔بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طورپر2کھرب 18ارب 21 کروڑ چوالیس لاکھ روپے رکھے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی )کیلئے 172 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔