01 جولائی ، 2016
جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے اساتذہ، افسران و ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو علاج کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے اساتذہ، افسران اور ملازمین کی کمیٹی کی جانب سے مختلف اسپتالوں کا دورہ کرکے معلومات جمع کرکے ان کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی اور مختلف اسپتالوں سے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
اس سلسلے میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر رفیع احمد غوری، جامعہ سندھ کے رجسٹرار غلام محمد بھٹو، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ، جامعہ سندھ کے ہیلتھ فیسیلیٹیشن کے افسران، راجپوتانہ اسپتال، ماں جی اسپتال اور بون کیئر اسپتال کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں گورنمنٹ کی قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے تجرباتی مدت کیلئے معاہدے اور اس کے طریقہ کار پر تفصیلی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اساتذہ، افسران و ملازمین کو علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مذکورہ اسپتالوں سے عید کے بعد معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔