18 جولائی ، 2016
کیا کراچی کی قسمت بدلنے والی ہے؟؟ کیا کراچی کی سڑکوں اور گلیوں میں پڑا کچرا صاف ہونے والا ہے؟؟ سندھ کی سرکار جاگ اٹھی۔ کراچی سے کچرا نہ اٹھانے پر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ غصے میں آگئے۔ کمشنر کراچی کو الٹی میٹم دے دیا ۔ 3 دن میں شہر کچر ےسے صاف ہونا چاہیے، نہ ہوا تو کارروائی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو تین دن میں شہر سے کچرا اٹھانے کا الٹی میٹم دے دیا۔کچرا نہ اٹھانے پر متعلقہ ڈی ایم سیز، ایڈ منسٹریٹر اور ڈی سیز کیخلاف ایکشن لیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے شہرمیں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ واٹربورڈ، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز میں انتظامیہ کمزوریاں ہیں،جنھیں ٹھیک کرکے ملازمین سے کام لیا جائے۔پانی کے غیر قانونی کنکشنز کے کیخلاف بلاتفریق آپریشن کیاجائے اور پانی چوروں کو بھی گرفتار کیا جائے۔
اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے وزیر اعلیٰ کوبتایا کہ پانی چور 8 کروڑ روپے ماہانہ کماتے ہیں جبکہ واٹر بورڈ ڈیڑھ کروڑ روپے کی بلنگ کرتا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے اس موقع پر صنعتکاروں کو قانونی طور پر پانی مہیا کرنے کی بھی ہدایت کردی۔