18 جولائی ، 2016
لاڑکانہ سے گزشتہ روز حراست میں لیےگئے35میں سے13افراد کو رہا کردیا گیا ۔ 14 اب بھی رینجرز کے پاس ہیں ۔ 8ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیاگیا ۔ اسدکھرل کے مبینہ فرنٹ مین عابدبھگیو کو عدالت نے 3روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ۔
کئی دن گزرگئے، نہ اسد کھرل پکڑے گئے اور نہ انھیں چھڑانے والے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اسدکھرل کو چھڑانے کے شبے میں لاڑکانہ کے گوٹھ پٹھان ابڑو سے گزشتہ روز 35 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن میں سے 13 کو چھوڑدیا گیا ۔
تاہم 14 افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے، 8 افراد کے خلاف تھانہ باقرانی میں مقدمہ درج کرواکے ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔
دوسری جانب اسدکھرل کے مبینہ فرنٹ اور سابق نائب ناظم کارانی عابدبھگیو کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ عدالت نے ملزم کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے ۔
پولیس کے مطابق عابدبھگیو کو تین روز قبل کارانی کے علاقے سے سیکیورٹی اہلکاروں نے حراست میں لیکر پولیس کے حوالے کیا تھا۔