13 جون ، 2012
اسلام آباد…وفاقی کابینہ نے ملک میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں تاہم واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے دورانئے میں کمی لانے کیلئے چالیس سے پچاس ارب روپے فوری درکارہیں۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک میں توانائی کی صورت حال کاجائزہ لیاگیا۔ ذرائع کے مطابق واپڈا حکام نے وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا کہ لوڈ شیڈنگ پرقابوپانے کیلئے تین سوارب روپے درکارہیں اور اس کے دورانئے میں کمی لانے کیلئے 40 سے 50 ارب روپے فوری طورپردرکارہیں۔ وزیر اعظم نے وزارت خزانہ کے حکام کو مالی وسائل فراہم کرنیکی ہدایت کی۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان سزا یافتہ ملزموں کی منتقلی کے معاہدے کی بھی توثیق کی جبکہ سعودی عرب کی یونیورسٹی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے درمیان تعاون کے معاہدے کی یاداشت اور پاکستان اور تنزانیہ کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے معاہدے کی یاداشت کی منظوری بھی دی گئی ۔