01 اگست ، 2016
پاکستانی نژاد برطانوی شہری سامیہ شاہد قتل کیس کی تحقیقات میں اس کی والدہ امتیاز بی بی اور بہن مدیحہ کا کردار بھی مشکوک قرار دے دیا گیا، فرانزک رپورٹ کے بعد دونوں کو انٹر پول کے ذریعے پاکستان لایا جائے گا۔
جیو نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ سامیہ کی 14جولائی کو پاکستان آمد والدہ امتیاز بی بی کی ٹیلی فون کال کے بعد ممکن ہوئی، جس نے مبینہ طور پر بیٹی کو والد چوہدری شاہد کی پاکستان میں علالت کی اطلاع دی، بعد میں سامیہ کی بہن مدیحہ شاہد نے اسے دبئی سے پاکستان آنے کے لیے ٹکٹ کے پیسے بھی بھجوائے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سامیہ کی فرانزک رپورٹ آنے کے بعد پولیس ان دونوں خواتین کو برطانیہ سے پاکستان لانےکے لیے انٹرپول سے رابطہ کرے گی۔