پاکستان
02 اگست ، 2016

وزیراعلیٰ سندھ مسلسل متحرک،وزراکو واٹس ایپ پر ہدایات

وزیراعلیٰ سندھ مسلسل متحرک،وزراکو واٹس ایپ پر ہدایات

 


سندھ میں پرجوش اور توانا وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ مسلسل متحرک ہیں ، کابینہ ارکان کو واٹس ایپ پر ہدایات جاری کیں جبکہ سیکریٹریز کی حاضری ٹیلی فون پر چیک کرڈالی۔آئی جی کو صوبے بھر میں پولیس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے ، تھانے 24 گھنٹے فعال رکھنے اور گشت میں اضافے کی ہدایات دے دی۔


مراد علی شاہ کہتے ہیں کراچی میں اسٹریٹ کرائم صفر ، پولیس کو عوام دوست اور جرائم پیشہ کا دشمن نظر آنا چاہیے۔


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے روایات کو دوبارہ تازہ کرنا شروع کرتے ہوئے دن میں فیصلے اور ہدایات جاری کرنا شروع کردیں ۔کابینہ کے کچھ ارکان نے وزیراعلیٰ کے قدم سے قدم ملانا شروع کردیا لیکن کچھ ابھی پرانی روش چھوڑنے کو تیار نہیں ۔


تعلیم اور صحت کے وزراء اپنی زیادہ عمر کے باوجود متحرک ہیں۔ایکسائز، بلدیات، خوراک ، زراعت اور دیگر محکموں کے وزراء کی نیند پوری ہونے کا انتظار جاری ہے۔


مراد علی شاہ صبح نوبجے سے پہلے دفتر پہنچنے لگے۔ٹیلی فون پر سندھ کے سیکریٹریٹ کے مختلف محکموں کے سیکریٹریز کی حاضری چیک کی تو دوسری طرف کابینہ کے ارکان کو واٹس ایپ پر ضروری ہدایت دیں ۔


آئی جی سندھ کو فون پر ہدایات بھی دے دیںکہا صوبے میں پولیس تھانوں کو فعال کیا جائے ۔ پولیس افسران اور اہلکاروں کے عوام سے بہتر رویے کو یقینی بنایا جائے۔ تھانوں میں 24 گھنٹے کام اور عوام دوست کلچر متعارف کیا جائے۔


وزیراعلی سندھ نے ہدایت کی کہ پولیس افسران کے گشت میں اضافہ کیاجائے ۔سینئرپولیس افسران خود گشت کریں اور عوامی شکایت کے لئے کھلی کچہریاں لگائیں۔انہوں نے کئی ممبران اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کیں اور سیاسی اور علاقائی مسائل پر بات چیت کی ۔

مزید خبریں :