02 اگست ، 2016
کراچی میں رینجرز سے مقابلے میں گینگ وار کا ایک ملزم مارا گیا۔ مختلف کارروائیوں میں پولیس اور رینجرز نے چودہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
رینجرز نے خفیہ اطلاع پر لیاقت آباد دس نمبر پر واقعہ رہائشی عمارت پر مارا چھاپہ اور مخصوص فلیٹس کی تلاشی لی جس میں چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔تلاشی کے دوران 4 بوریوں میں چھپایا گیا مختلف اقسام کا اسلحہ اور بڑی تعداد میں گولیاں اور دو بلٹ پروف جیکٹس بھی برآمد ہوئیں ۔ذرائع کے مطابق کارروائی پہلے سے گرفتار ملزم خالد کی نشاندہی پر کی گئی ۔
ترجمان رینجرز کے مطابق لیاری سنگولین میں رینجرز اور گینگ وار ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہواجس میں ملزم شاہ زمان عرف شاہو مارا گیا۔ چھ دستی بم حملوں ، اغوا برائے تاوان اور چھ افراد کے قتل میں ملوث شاہ زمان کا تعلق عزیر بلوچ گروپ سے تھا۔
صدر میں پریڈی پولیس نے ہوٹلوں کی تلاشی لی۔سرچنگ کے دوران 10 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کے لئے تھانے منتقل کردیا گیا ۔