04 اگست ، 2016
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم کے خلاف حریت رہنماؤں کی اپیل پر ہڑتال، مقبوضہ وادی میں کرفیو برقرار ہے، کلگام میں گزشتہ روز127افراد زخمی ہوئے،شہداء کی تعداد 64 ہوگئی۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی نہتے کشمیریوں کے خلاف ظلم و ستم کی کارروائیاں جاری ہیں ۔ گزشتہ روز سری نگر میں مزید 2 کشمیری پیلٹ گن کی فائرنگ سے شہید ہوگئے8 جولائی سے اب تک 64 کشمیر ی بھارتی جارحیت کا نشانہ بن چکے ہیں۔
گزشتہ روز سری نگر میں بھارتی فوج نے دو نہتے کشمیریوں کو پیلٹ گن سے فائر کر کے شہید کردیا، جس کےبعد وادی میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ،کرفیو کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں شہیدوں کےجنازے میں شریک ہوئے اور بھارت مخالف نعرے لگائے ۔
گزشتہ روز کلگام میں بھارتی فوج کی فائرنگ اور آنسو گیس سے 127 کشمیری زخمی ہو ئے ۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی پر ان کے اپنے ہی آواز اٹھانے لگے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کے رہنما غلام حسن زرگار نے استعفیٰ دے دیا اور حریت تحریک کا حصہ بن گئے ،اس سے قبل عوامی اتحادی پارٹی اور نیشنل کانفرنس کے رہنما بھی پارٹی چھوڑ کر بھارت مخالف نعرے لگانے والوں میں شامل ہو چکے ہیں۔
وادی میں آج بھی کرفیو نافذ ہے ،جبکہ حریت رہنماؤں کی اپیل پر کل تک ہڑتال کی جائے گی۔