Time 27 مئی ، 2025
جرائم

نوشکی میں انسدادِ پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، اہلکار جاں بحق

نوشکی میں انسدادِ پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، اہلکار جاں بحق
پولیو ٹیم پر حملہ ناقابلِ برداشت ہے، شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا: وزیراعظم— فوٹو:فائل

بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں انسداد پولیو کی ٹیمیں معمول کی مہم پر تھیں کہ اس دوران نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر پولیس کانسٹیبل وحید احمد شدید زخمی ہو گیا جبکہ ملزمان اس کا اسلحہ لیکر فرار ہوگئے۔

اس دوران پولیو ٹیم معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

واقعے کے بعد زخمی کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ 

دوسری جانب وزیراعظم نے انسدادِ پولیو مہم ٹیم پر فائرنگ کی مذمت کی اور کہا کہ پولیو ٹیم پر حملہ ناقابلِ برداشت ہے، شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ 

ترجمان بلوچستان حکومت نے نوشکی میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر فائرنگ کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے اس پر حملہ ناقابل برداشت ہے، تخریب کاروں کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے گی۔

مزید خبریں :