14 جون ، 2012
لاہور… ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، شہروں میں 12 سے 16 گھنٹے اور دیہات میں 18 سے 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے،جس کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بجلی کی طلب بڑھ گئی ہے اور شارٹ فال تقریبا ساڑھے چھ ہزار میگاواٹ تک پہنچنے کے بعد لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے۔ ملتان کے شہری علاقوں میں دس سے بارہ گھنٹے جبکہ دیہات میں سولہ سے 18 گھنٹے تک بجلی غائب رہتی ہے۔ فیصل آباد کے شہری 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر فیصل آباد لاہور روڈ بلاک کردی۔ گوجرانوالہ اور جھنگ میں شہری علاقوں میں 14 اور دیہی علاقوں کے لوگ 16 سے اٹھارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا عذاب جھیلنے پر مجبور ہیں۔ سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ جیکب آباد ،دادو اور میرپور ماتھیلو میں پیپلزپارٹی شہید بھٹو کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ان علاقوں میں روزانہ 14 گھنٹے سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔حیدرآباد ، میرپورخاص، سکھر، خیرپور، شکارپور سمیت کئی شہری علاقوں میں بارہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں چودہ سے پندرہ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔