14 جون ، 2012
اسلام آباد… سرکریک تنازع کو حل کرنے کیلئے پاک بھارت مذاکرات آئندہ ہفتے جبکہ جامع مذاکراتی عمل کے جائزہ کیلئے سیکریٹریز خارجہ اور وزراء خارجہ کی بات چیت آئندہ ماہ ہوگی، پاکستان نے کہاہے کہ وہ اور بھارت، سیاچن جیسے مشکل مسئلہ کے حل کی اہمیت سمجھتے ہیں ۔ ترجمان دفترخارجہ کے ترجمان نے اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ میں کہاکہ سرکریک پر پاک بھارت مذاکرات 18 اور 19 جون کو دہلی میں ہوں گے، اس کے بعد آئندہ ماہ پاک بھارت سیکریٹریز خارجہ کے مذاکرات دہلی میں ہوں گے، پھر جولائی میں ہی اسلام آباد میں دونوں ممالک کے وزراء خارجہ کے مذاکرات میں تمام مذاکراتی عمل کا جائزہ لیا جائے گا،سیاچن ایک مشکل معاملہ ہے، پاک بھارت قیادت مسائل کے حل کی اہمیت سمجھتی ہے، اس مسئلہ کو حل کرنا دونوں ممالک کی خواہش ہے، ترجمان نے کہاکہ سلالہ واقعہ کے بعد پاک امریکا تعلقات متاثر ہوئے،بحال کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں، نیٹو سپلائی روٹ کی بحالی کا فیصلہ سیاسی قیادت نے کرنا ہے،نیٹو سپلائی پر قیمت بڑھانے کا تاثر درست نہیں ہے، اس میں اور بھی ایشوز شامل ہیں، ترجمان نے کہاکہ ملکی سرزمین کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہیں بننے دیا جائے گا۔