06 اگست ، 2016
بلیک لسٹ امریکی شہری کو امیگریشن کی اجازت دینے کےمعاملے پر وزیرداخلہ چوہدری نثار نے سخت ایکشن لیا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے، اسلام آباد ائیر پورٹ پر تعینات امیگریشن شفٹ کو معطل کردیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ امریکی شہری کو ہوسٹن سے ویزا جاری کرنے والے پاکستانی قونصل خانے کے افسران سے بھی جواب طلب کیا گیا ہے، معاملے کی تفتیش کے لیے وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری کی زیر نگرانی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
وزیر داخلہ نے آئندہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ واقعے کا مرکزی ملزم اسلام آباد گیسٹ ہاؤس سے گرفتار ہوا ہے، چوہدری نثار نے اس معاملے پر جے آئی ٹی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
جے آئی ٹی کی سربراہی ایس پی انویسٹی گیشن کیپٹن (ر) الیاس کریں گے جبکہ اس میں ایف آئی اے، آئی بی اور آئی ایس آئی کے افسران بھی شامل ہوں گے ۔