06 اگست ، 2016
پاناما حکومت کی جانب سے پاناما پیپرز اسکینڈل کی تحقیقاتی کمیٹی کے2 اہم ارکان نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا، کہتے ہیں حکومت معاملے کی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں ۔
پاناما پیرز اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے رکن نوبیل انعام یافتہ ماہر معاشیات جوزف اسٹگلیز نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
جوزف کے علاوہ سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے انسداد کرپشن کے ماہر مارک پیتھ نے بھی کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے ایک بیان جوزف اسٹگلیز اور مارک پیتھ کا کہنا تھا کہ پاناما کے معاشی نظام میں شفافیت کا جائزہ لینے کے لیے قائم کی جانے والی کمیٹی خود عدم شفافیت کا شکار تھی۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا کام معاشی نظام کا جائزہ لینا تھا تاہم پاناما حکومت آزادزانہ تحقیقات کے لیے تیار نظر نہیں آتی، اس کے علاوہ حکومت نے یہ یقین دہانی کرانے سے بھی انکار کردیا تھا کہ وہ کمیٹی کے تحقیقاتی نتائج کو عوام کے سامنے پیش کرے گی۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کے دیگر ارکان بھی اب اپنا کام روک دیں گے، اب یہ عالمی برادری پر منحصر ہے کہ وہ پاناما حکومت پر دباو ڈالے کہ وہ معاملات کو شفاف بنائے۔