25 مئی ، 2025
بنگلا دیش کی عبوری حکومت میں مشیر منصوبہ بندی وحیدالدین نے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے مستعفی ہونے کی اطلاعات کی تردید کردی۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کی عبوری کونسل کا محمد یونس کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں انصاف، اصلاحات اور انتخابات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں عبوری حکومت کودرپیش رکاوٹوں اور مشکلات پر بات کی گئی اور ملک کی سیاسی جماعتوں سے رابطوں اور حکومتی کارکردگی سے متعلق تحفظات دور کرانے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق عبوری حکومت رکاوٹوں کے باوجود قومی مفادمیں ذمہ داریاں پوری کرےگی، شکست خوردہ قوتوں کی شہ یا غیرملکی سازش کے تحت عبوری حکومت کو روکا گیا تو وجوہات عوام کو بتائیں گے اور ایسی صورتحال میں عبوری حکومت عوام کے ساتھ ضروری اقدامات کرے گی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مشیرمنصوبہ بندی وحیدالدین محمد کا کہناتھاکہ محمد یونس نے جانے کا نہیں کہا، انہوں نے عبوری حکومت کو درپیش مشکلات کاذکر کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے تک ہم کہیں نہیں جارہے، ہم تمام مشکلات اور رکاوٹوں پرقابو پالیں گے۔
دوسری جانب چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ڈھاکا میں جماعت اسلامی، بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی اور نیشنل سٹیزن پارٹی کے وفود نے ملاقاتیں بھی کیں اور ملک جلد سے جلد اصلاحات اور دسمبر میں الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا۔