07 اگست ، 2016
بلوچستان میں موسلادھار بارشیں آفت بن گئیں، شدید بارش کے بعد ضلع لسبیلہ کی تحصیل اوتھل کے ندی نالے بپھر گئے، پانی کئی دیہات میں داخل، اوتھل لاکھڑا روڈ بھی سیلاب سے متاثر ہوگیا، متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف منتقلی شروع کردی ہے۔
لسبیلہ کی تحصیل اوتھل کے قریب ندی کا سیلابی پانی قریبی دیہاتوں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے بعد لوگ اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں،بارشوں کے باعث اوتھل شہر کے قریب برساتی ندیوں اور نالوں میں طغیانی ہے اور لاکھڑا روڈ پر سیلابی پانی سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
حب ڈیم انتظامیہ کے مطابق ڈیم میں بارشوں کے پانی کے مزید ریلے داخل ہو رہے ہیں، ڈیم میں 18فٹ پانی کا اضافہ ہواہے، پانی کی سطح 292.2فٹ تک پہنچ چکی ہے ، حب ڈیم میں پانی کی گنجائش 339فٹ ہےجبکہ 339 فٹ کے بعد ڈیم کا پانی اوور فلو ہونا شروع ہوجاتا ہے۔