پاکستان
10 اگست ، 2016

زیادہ قوت سےدہشتگردی کاقلع قمع کریں گے، نوازشریف

زیادہ قوت سےدہشتگردی کاقلع قمع کریں گے، نوازشریف

 


وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ سانحہ کوئٹہ سے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم متزلزل نہیں کیا جاسکتا پہلے سے زیادہ قوت سے آگے بڑھ کر دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے۔


وزیراعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے نے قوم کو سوگوار کردیا،انتہائی غمزدہ کیفیت میں ایوان سےمخاطب ہوں، اپنے پیاروں کی شہادت پردکھ ہے،حکومت، مسلح افواج، قومی سلامتی کے ادارے، پولیس دہشت گردی کےخلاف جنگ میں متحد تھے اور رہیں گے ۔


انہوں نے کہا کہ یہ وہی ذہن ہےجوپاکستان میں امن وامان کو بہترہوتانہیں دیکھ سکتا،پاکستان میں ترقی کےامکانات خصوصاً پاک چین اقتصادی راہداری دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمارا متحد ہونا ضروری ہے، ہمارا اتحاد دشمنوں کو منہ توڑ جواب دے سکتا ہے۔


نوازشریف کا کہنا تھا کہ کشمیرمیں بھارتی مظالم پر پاکستان دنیابھرمیں آگاہی مہم چلا رہا ہے، قومی سلامتی کے ادارے سرحدوں کی حفاظت اور سرحدوں کے اندر حفاظت کرنا ان کے ذمےداری ہےجوبخوبی انجام دے رہے ہیں، پاکستان کومحفوظ بنانا ہمارا اور پوری قوم کا مشن ہے،آپریشن ضرب کو ہر صورت مکمل کیاجائےگا۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان کےغیورعوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ خفیہ ادارے دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے میں مصروف ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں،ہماری خفیہ ایجنسیوں نے ایسے منصوبے ناکام بنائے جن میں پاکستانی دشمنوں کا ہدف تھے۔


وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج کا پاکستان کچھ سال پہلے کے پاکستان سے زیادہ محفوظ ہے، حکومت، مسلح افواج، قومی سلامتی کے ادارے، پولیس دہشت گردی کےخلاف جنگ میں متحد تھے اور رہیں گے۔

مزید خبریں :