10 اگست ، 2016
کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے سانحہ کوئٹہ میں جاں بحق ہونے والے کیمرا مین شہزاد اور محمود کے لواحقین سے ان کے گھروں پر جا کر تعزیت کی۔
اس موقع پرانہوں نے اپنے یونیفارم پرلگا قومی پرچم کا بیج شہید کی بیٹی کو دے دیا،سانحۂ کوئٹہ کےشہداء کا غم دلوں میں اب تک تازہ ہے،یہی غم بانٹنے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض دھماکے میں جاں بحق کیمرا مین شہزاد اور محمود کے گھر پہنچے۔
کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض نےشہداء کےلواحقین کو تسلی دی،شہداء کےبچوں کو دلاسہ دیا اور دعا کی، انہوں نے کیمرا مین محمود کے بچوں کی کفالیت کی ذمےدراری لیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اپنےشہداء کو کبھی نہیں بھولتی۔
دکھ کی اس گھڑی میں ایک ننھی بچی کی معصوم حرکت نے سب کا دل موہ لیا،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض لوگوں کےدرمیان بیٹھےتھے کہ اچانک ننھی بچی ان کے یونی فارم پر لگے قومی پرچم کے بیج کو دیکھ کر مچل گئی، اس نے اپنی خواہش کا اظہار تو نہ کیا لیکن قومی پرچم کو ہاتھ لگا کر یہ احساس دلادیا کہ اسے یہ بیج چاہئے،کمانڈر سدرن کمانڈ نے بچی کی ان کہی خواہش کو پل بھر میں محسوس کیا اور اگلے ہی لمحے اپنا بیج اتار کر بچی کو پیش کیا۔
بچی بیج لیتے ہوئےشرمائی تو عامر ریاض نے مسکراہٹ کےساتھ یہ بیج وہیں بیٹھی دوسری بچی کو تھما دیا،اس منظر نے لاکھوں افراد کا دل جیت لیا ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض کے اس عمل نے یہ ثابت کر دیا کہ
ہو حلقہ یاراں تو بریشم کی طرح نرم...رزم حق باطل ہوتو فولاد ہے مومن