15 جون ، 2012
لاہور… وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ قوم وکلاء اور سیاستدانوں کے بجائے میڈیا اور سپریم کورٹ کی باتوں پر زیادہ یقین رکھتی ہے ،میڈیا تنظیمیں ناجائز دولت کمانے والے میڈیا مالکان کو اپنی صفوں سے باہر نکالیں۔ پنجاب اسمبلی سے باہر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ناجائز دولت کمانے والے آج میڈیا مالکان بن گئے ہیں، دنیا چینل ایکسپوز ہو گیا ،قوم کو رات بھر لعن طعن کرنیوالے اینکر پرسنز کا اصل چہرہ نظر آنے پر قوم حیران رہ گئی۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ دنیا چینل کا میاں عامر محمود کل کا ملک ریاض تھا ،اور موٹرسائیکل پر گھومتا پھرتا تھا۔ قوم ایسے لوگوں کو مکمل بے نقاب کرنے کے حق میں ہے جنہوں نے میڈیا کو یرغمال بنا رکھا ہے اور علی بابا چالیس چوروں کیساتھ مل کر ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔۔انہوں نے کہا کہ چینل پر پروگرام اور حصہ لینے والے تینوں افراد کیخلاف سخت سے سخت سزا ہونی چاہیئے۔