19 اگست ، 2016
کوئٹہ سول اسپتال سانحے کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، 10روز بعد جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل دے دی گئی،دوسری جانب صوبائی حکومت کا دعویٰ ہے کہ دہشت گردی کےواقعہ کےسہولت کاروں کا پتہ چلالیاگیاہے۔
8اگست کو سانحہ سول اسپتال کوئٹہ میں 74وکلا اور دیگر افراد جان کی بازی ہارگئے تھے،اس افسوسناک واقعہ سے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں صف ماتم بچھ گئی تھی۔
سانحے کی تحقیقات کافوری آغاز نہیں کیاجاسکاتھااور10 روز کےبعد دہشت گردی کےاس واقعہ کی تحقیقات کےلئےایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں جے آئی ٹی کی باقاعدہ تشکیل کااعلان کیاگیا۔
اس ٹیم میں آئی ایس آئی ،ملٹری انٹیلی جنس، انٹیلی جنس بیورو اور پولیس کی اسپیشل برانچ کےسینئر افسران اور نمائندے شامل ہیں،پولیس حکام کے مطابق جے آئی ٹی نےتحقیقات کےحوالے سے کام شروع کردیاہے۔
اس سانحہ کی تحقیقات کےلئے جے آئی ٹی بنادی گئی ہے، جس کو ایس ایس پی انوسٹی گیشن ہیڈ کررہے ہیں، تمام قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے نمائندے شامل ہیں، ان کی میٹنگز بھی ہوگئی ہے، ٹی او آر بھی ہوچکا ہے، یہ قانون قاعدے کے مطابق کام شروع کردیاہے۔
دوسری جانب اس سانحہ کےبعدکوئٹہ کےنواحی علاقوں میں کومبنگ آپریشن شروع کیاگیا،جس میں کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیاگیا،جن سے تفتیش جاری ہے۔
صوبائی حکومت کا دعویٰ ہے کہ تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے اور اس کےسہولت کاروں کا پتہ لگالیاگیاہے۔