19 اگست ، 2016
اسلام آبادکے ایوان صدر میں ہونے والی جشن آزادی کی تقریب میں شرکت سے مبینہ طور پر روکے جانے کے خلاف پی ٹی آئی کے بلدیاتی نمائندوں نے احتجاج کیا، اسلام آباد کے میئر کہتے ہیں تاخیر سے آنے والوں کو روکا گیا، مقررہ وقت پر پہنچنے والے پی ٹی آئی ارکان تقریب میں شریک تھے۔
پاکستان تحریک انصاف میٹرو پولیٹن کارپوریشن ممبران نے ایوان صدر کے سامنے احتجاج کیا اور دعوت نامے نذرآتش کردیے، ان کا کہنا تھا کہ جشن آزادی پروگرام کے لیے دعوت دی گئی تھی، لیکن مقررہ وقت پر پہنچنے کے باوجود اندر نہیں جانے دیا گیا، اور ایک گھنٹے کے بعد ہمیں کہا گیا کہ اندر جانے کا وقت ختم ہوگیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایوان صدر کے عملے اور پولیس اہلکاروں نے ان سے بدتمیزی کی، ممبران نے ایوان صدر کے باہر حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
دوسری جانب اسلام آباد کے مئیر شیخ انصر عزیز نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے کونسلرز کو ایوان صدرکے دروازے پر روکنے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔
ایوان صدرمیں تقریب کا وقت ساڑھے 10 بجے تھا، بر وقت آنے والے تمام چیئرمین اور یونین کونسلز کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی، جو نمائندے تاخیر سے پہنچے وہ سیکورٹی کلیئرنس کے باعث اندر نہ جاسکے۔
شیخ انصر نے کہا کہ بروقت پہنچنے والے پی ٹی آئی کے متعدد چیئرمین اور وائس چیئرمین تقریب میں شریک تھے۔