22 اگست ، 2016
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی کا کہنا ہے کہ کراچی کی سڑکیں ماضی کی طرح پھر دھلاکریں گی،شہر کو کچرے سے پاک کرنے کے لیے وقت درکار ہے، متعلقہ حکام کو اگلے 8 سے 10 روز کے لیے صفائی کے مزید اہداف دیئے ہیں۔
شہر میں صفائی کی صورتحال پر اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگومیں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بیان دینے کے بجائے کچھ کرنے پر یقین رکھتا ہوں، کچھ کہہ دوں اور وہ نہ ہو تو آپ سب مجھے پکڑلیں گے، کچھ ٹارگٹ پہلے دیئےتھے،آنے والے دنوں کے لیے مزید ٹاسک دیئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کو پہلے جیسا صاف ستھرا کردیں گے ، میں نے بچپن میں ایمپریس مارکیٹ کو دھلتے ہوئے دیکھا ہے، کراچی کی سڑکیں ماضی کی طرح پھر دھلاکریں گی، کراچی کے بعد سندھ بھر میں بھی کام ہوگا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے متعلقہ محکموں کے کام پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی، مجرموں کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو انہیں چھوڑا نہیں جائے گا۔ متحدہ کے رہنماؤں سے آج ملاقات ہوگی۔
کراچی میں بچوں کے اغواء سے متعلق رپورٹس پر وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھاکہ شہر میں بچوں کے اغواکی وارداتوں کی خبریں محض افواہیں ہیں۔