04 ستمبر ، 2016
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پی ایس 127 کے ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیوایم چھوڑکر جانے والے مائگریٹڈ پرندے موسم تبدیل ہوتے ہی اپنے ٹھکانوں میں لوٹ آئیں گے۔
کراچی کے علاقے ملیر میں پی ایس 127کے عوامی رابطی مہم کے سلسلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 8ستمبر کے انتخاب میں ایم کیوایم کو کامیابی ملے گی، انہوں نے کہاکہ جس طرح این اے 246 میں ایم کیوایم نے ریکارڈ توڑ کامیابی حاصل کی تھی، اسی طرح ملیر کے ضمنی انتخاب میں بھی متحدہ جیتے گی۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کو چھوڑ کر ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانے والوں کو سو اینٹ کی مسجد کا حصہ بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں صرف ایم کیوایم کے ہی دفاتر قائم نہیں بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں اور رینجرز نے بھی غیر قانونی دفاتر کھول رکھے ہیں،ڈپٹی میئر ارشد وہرا ایم کیوایم سے ملکر دیگر جماعتوں کے دفاتر بھی توڑینگے۔