04 ستمبر ، 2016
خیرپور میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن میں بجلی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ کنونشن میں مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کے خطاب کے موقع پرہلڑبازی بھی ہوئی۔
خیرپور کے سرکٹ ہائوس میں پیپلز پارٹی کا ورکرز کنونشن ہوا جس میں وزیر خوراک سندھ نثار کھوڑو، مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اراکین نے شرکت کی۔
کنونشن میں 20 سے زائد ایئر کولرز اور درجنوں پیڈسٹل فین لگائے گئے تھے جنہیں چلانے کے لیے سرکٹ ہائوس کی دیوار سے متصل بجلی کی لائن پرکنڈا لگا یا گیا اور دن دہاڑے چوری کی بجلی استعمال کی گئی۔کوئی دیکھ بھی لے تو کار سرکار میں مداخلت کرنے کی جرات کسے ہے ۔
سیپکو افسران کو گھروں پرلگےکنڈے اندھیری رات میں بھی نظر آجاتے ہیں لیکن سرکاری سطح پردھڑلے سے کی جا نے والی چوری پر یہ افسران آنکھیں کیوں بند کرلیتے ہیں۔
کنونشن میں مولا بخش چانڈیو کے خطاب سے پہلے پیپلزپارٹی کے کچھ جیالے اسٹیج پر چڑھ گئے اور کچھ اسٹیج کے سامنے آگئے اور رکن قومی اسمبلی نواب خان وسان کے حق میں نعرے بازی شروع کردی، جس پر مولا بخش چانڈیو نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف جئے بھٹو کے نعرے لگائے جائیں، ذاتی یا شخصی نعرہ لگانے والوں کا نام پارٹی الیکشن سے نکال دیا جائے گا۔