17 جون ، 2012
کوٹری … سپرہائی وے جامشورو کے قریب پولیس مقابلے میں 4 مبینہ ڈاکووٴں کی ہلاکت کے بعد نامعلوم افراد نے کوٹری شہر بند کرادیا، واقعے کے خلاف چاروں افراد کی لاشوں سمیت ورثاء نے سپر ہائی وے پر احتجاجی دھرنا دیکر گھنٹوں ٹریفک کو معطل کردیا۔ ایس ایس پی جامشورو وقار ملہن کے مطابق سپرہائی وے سے لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ڈاکووٴں کا پولیس نے تعاقب کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 ڈاکو رجب، عرفان، نواز اور غلامو شورو ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اور 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے، واقعے کے بعد نامعلوم افراد نے کوٹری شہر میں ہنگامہ آرائی کی اور ہوائی فائرنگ کرکے شہر بھر کو بند کرادیا۔ اس دوران فائرنگ میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں تعلقہ اسپتال کوٹری منتقل کردیا گیا ہے۔ 4 افراد کی ہلاکت کے خلاف ورثاء نے چاروں لاشیں سپرہائی وے پر رکھ کر احتجاجی دھرنا دیا، جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا اور سپر ہائی وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں جمع ہوگئیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس فائرنگ میں ہلاک ہونے والے چاروں افراد ڈاکو نہیں بلکہ مزدور تھے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی حیدرآباد ثناء اللہ عباسی نے واقعے عدالتی تحقیقات کرانے کیلئے ایس ایس پی جامشورو کو ہدایت کردی ہے۔